مرحبا!رمضان المبارک مرحبا - نوید مسعود ہاشمی - Daily Pakistan Urdu Columns | Facebook Whatsapp Urdu Columns

مرحبا!رمضان المبارک مرحبا - نوید مسعود ہاشمی


مرحبا!رمضان المبارک مرحبا - نوید مسعود ہاشمی

02:07 pm
 19/04/2021
 نوید مسعود ہاشمی

  موبائل پر گیم کھیلنے سے بھی پرہیز کریں،خصوصاً جن کے پاس دین کی نسبت سے موبائل فون ہیں وہ اس کے غلط استعمال کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈریں۔(۲)پانچ وقت

 
(گزشتہ سے پیوستہ)
 موبائل پر گیم کھیلنے سے بھی پرہیز کریں،خصوصاً جن کے پاس دین کی نسبت سے موبائل فون ہیں وہ اس کے غلط استعمال کے بارے میں اللہ تعالیٰ سے ڈریں۔(۲)پانچ وقت کی نماز با جماعت با سنن ونوافل خوب اہتمام سے ادا کریں…کوشش کریں کہ پورے رمضان المبارک میں ایک نماز میں بھی تکبیر تحریمہ نہ چھوٹنے پائے۔(۳)تراویح رمضان المبارک کا تحفہ ہے پوری بیس رکعات مکمل اہتمام سے ادا کریں اور پورا مہینہ ادا کرتے رہیں…جہاد کی محنت میں نکلنے والے ساتھی اس بارے میں غفلت کریں گے تو ان کی اصل محنت بے برکت ہو جائے گی ۔ کوشش کریں کہ ایک قرآن پاک ختم سنائیں یا سنیں…تراویح بہت بڑی عبادت اور نعمت ہے افسوس کہ آج کل اس کی اہمیت دلوں سے نکلتی جارہی ہے جبکہ بیس اور آٹھ کے جھگڑے نے اس اجتماعی سنت پر سستی کے پردے ڈال دیئے ہیں۔(۴)قرآن پاک کی بکثرت تلاوت کریں،روزانہ ایک ختم ،آدھا ختم ،ثلث ختم،یا کم از کم مہینے میں تین ختم۔یہ مہینہ اللہ تعالیٰ کا مہینہ ہے بس کلام اللہ کے ذریعے سے اللہ تعالیٰ کا قرب پائیں اس مہینے میں قرآن پاک سے ایسی یاری کریں کہ قرآن پاک خون میں رچ بس جائے اور شیطان کا رگوں میں دوڑنے کا راستہ بند ہوجائے ۔ یاد رکھیں !صرف خالی ترجمہ یا تفسیر پڑھ لینا تلاوت کا نعم البدل نہیں ہے ہاں !تفسیر بھی پڑھیں تاکہ قرآن پاک سمجھ  سکیں…مگر تلاوت تو تلاوت ہے  کاش ہم سمجھیں…(۵)تہجد کا اہتمام …تہجداہم عاشقانہ عبادت ہے رمضان المبارک میں سحری میں تو اٹھنا ہوتا ہی ہے بس پہلے تہجد وہ بھی آنسوئوں بھری…التجائوں والی…پھر سحری یا کچھ اور…اس مہینے کی تیس راتیں تہجد کی صورت رب تعالیٰ کے ساتھ محبت بھری سرگوشیاں نصیب ہوگئیں تو کیا بعید ہے کہ پور ا سال…یا پوری زندگی یہ نعمت میسر رہے…(۶)دینے والے پاتے ہیں خرچ کرنے والے کماتے ہیں اور لٹانے والے بناتے ہیں بس اس مہینے میں خوب خوب مال خرچ کریں…جہاد میں لگائیں ،مساجد ومدارس میں لگائیں…روزے داروں کو افطار اور مساکین کی دیکھ بھال کریں۔آپ خرچ کرنے سے نہ گھبرائیں رب اجروبدلہ دینے سے نہیں تھکتا…ممکن ہے یہ زندگی کا آخری رمضان ہواس لئے جودیں گے وہ آگے خود آپ کیلئے محفوظ ہو جائے گا اور جو بچائیں گے ممکن ہے کہ وہ یہیں رہ جائے اور آپ آگے چلے جائیں ۔(۷)لیلتہ القدر کو پورے اہتمام کے ساتھ تلاش کریں…آخری عشرے کی ہر طاق رات…کمر بند مضبوط باندھیں ،گھروالوں کو بھی جگائیں اور پھر اہتمام اور آہ وزاری کے ساتھ وہ خاص رحمت ڈھونڈلیں جسے ڈھونڈنے کاہم سب کو حکم دیا گیا ہے۔(۸)استغفار کا خوب اہتمام کریں،گناہ نہ کرنے کا عزم،ماضی کے گناہوں پر شرمندگی اور ہر گناہ کے ارادے سے دل کی پاکی۔حضور پاک ﷺ نے استعفادہ کی دعا بھی سکھا دی ہے۔
اللھم انک عفو تحب العفو فاعف عنی
استغفار ایک نور ہے جس سے دل کو…اور اپنے مقدر کو صاف کیا جا سکتا ہے آیئے! رب سے معافی مانگیں…اور مایوس نہ ہوں،رمضان جہنم سے نجات کا مہینہ ہے اس سے معلوم ہوا کہ وہ لوگ جو اپنے گناہوں کی وجہ سے جہنم کے مستحق بن چکے ہوتے ہیں انہیں اس مہینے معاف کیا جاتا ہے۔(۹)تین چیزوں کی سخت نگرانی کریں…دل ،زبان اور شرمگاہ ،دل کو کفر ،شرک ،حسد،تکبر… اور مسلمانوں کے خلاف کینہ سے پاک رکھیں۔ اس میں دنیا کی محبت اور مال وعہدے کی ہوس نہ آنے دیں۔ اس میں ہر غیر اللہ کو نکال کر اسے بس اللہ تعالیٰ کے ذکر میں لگا دیں…اگر یہ غافل ہونے لگے تو تلاوت ،نوافل ،دعا اور آنسوئوں سے اسے دھو ڈالیں۔ زبان کی بہت حفاظت کریں…جھوٹ سے خصوصی طور پر بچیں،بہت کم بولیں بس بقدر ضرورت…اس سے کسی کو تکلیف نہ پہنچائیں…غیبت اور بہتان تراشی سے اسے ناپاک نہ کریں…اور اسے ہر گناہ سے بچائیں ۔شرم گاہ کی حفاظت کریں کسی طرح کی ناجائز لذت حاصل نہ کریں اور اس کے تقاضے پر اپنی آنکھوں زبان یا ہاتھ کا استعمال نہ کریں…(۱۰)رمضان المبارک  قرآن پاک کے توسط سے جہاد کا مہینہ ہے غزوہ بدر جو یوم الفرقان تھا…یہ اس کا مہینہ ہے اس لئے جہاد کیلئے جو کچھ کر سکتے ہوں کر گزریں جو کچھ لٹا سکتے ہوں لٹا دیں…جس مہینے میں نفل فرض کے برابر ہو جاتے ہیں اس مہینے میں جہاد جیسے اہم فریضے کی اہمیت کا کیا حال ہو گا؟…یہ نصرت ،برکت اور اسلام کی قوت کا مہینہ ہے …آخری گزارش اس سلسلے میں یہ ہے کہ سب کچھ اللہ تعالیٰ کی توفیق سے ہی ممکن ہے اس لئے مزید دو کاموں کا اہتمام فرمائیں( ۱) روزانہ دورکعت صلوٰۃ الحاجۃ پڑھ کر دعا کریں کہ یا اللہ! ہمیں رمضان المبارک اپنی رضا کے مطابق گزارنے کی توفیق فرما اور ہمیں ان عمال میں لگا جن کی برکت سے ہمیں آپ کی رحمت وبخشش اور جہنم سے آزادی نصیب ہوگی ۔(۲)مزید دو رکعت نماز پڑھ کر جہادی قیادت برسرپیکار مجاہدین،اسیران اسلام اور جہاد کو قوت پہنچانے والے اعمال میں مشغول بھائیوں کی کامیابی، حفاظت اور سرفرازی کیلئے روزانہ دعا کریں اس دعا کی برکت سے آپ کا حصہ بھی ان کے ساتھ شامل ہو جائے گا۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

پیج