کف لنکس کے 1925 جوڑوں کے مالک نے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا لیا - Daily Pakistan Urdu Columns | Facebook Whatsapp Urdu Columns

کف لنکس کے 1925 جوڑوں کے مالک نے گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرا لیا

 اونٹاریو سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے ذخیرے میں کف لنکس کے 1925 جوڑے ہیں۔ اسی وجہ سے اُن کا نام گینیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کر لیا گیا ہے۔ اس ریکارڈ کی تصدیق کے لیے دو سال کا عرصہ لگا ہے۔


اورنج ویل میں فیتھ ویسلیان چرچ کے پاسٹر کارل مولٹن نے بتایا کہ انہیں اس ریکارڈ کی درخواست جمع کرانے کے دو سال بعد گینیز ورلڈ ریکارڈ کی طرف سے سرٹیفیکیٹ ملا ہے، جس کے بعد وہ باضابطہ طور پر دنیا میں کف لنکس کے سب سے بڑے ذخیرے کے مالک ہیں۔


کارل نے بتایا کہ گینیز ورلڈ ریکارڈ میں نام درج کرانے کا عمل اُن کی توقع سے زیادہ مشکل تھا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ گینیز ورلڈ ریکارڈ کو صرف خط اور تصویریں بھیجنے جتنا آسان نہیں تھا۔ کارل نے بتایا کہ انہیں سب سے پہلے ایک جیولر کو بلا کر سارے کف لنکس کی گنتی کرانی پڑی۔


اس کے بعد ٹاؤن کے میئر آئے اور انہوں نے بھی تمام کف لنکس گن کر تعداد پر دستخط کیے۔


سب سے مشکل مرحلہ وہ تھا جب کارل کو ہر ایک کف لنک کی تفصیل لکھنی پڑی۔

کارل نے بتایا کہ وہ سات سالوں سے کف لنکس جمع کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ایک دن اُن کی بیٹی نے گوگل پر کف لنکس کے سب سے بڑے ذخیرے کے ریکارڈ کے بارے میں سرچ کیا اور انہیں بتایا کہ وہ اس ریکارڈ کو توڑنے کے قریب ہیں۔ جس کے بعد انہوں نے ریکارڈ بنانے کے لیے کف لنکس جمع کرنے شروع کر دئیے۔ کارل کا کہنا ہے کہ اب وہ اپنے ذخیرے کو مکمل سمجھتے ہیں۔ کارل نے بتایا کہ انہوں ایک اور شخص کے ذخیرے کے 550 کف لنکس بھی خریدے ہیں،اس وقت اُن کے پاس 3 ہزار کے قریب کف لنکس ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

پیج