عثمان بزدار پنجاب کے حقیقی ترجمان - فیصل ادریس بٹ - Daily Pakistan Urdu Columns | Facebook Whatsapp Urdu Columns

عثمان بزدار پنجاب کے حقیقی ترجمان - فیصل ادریس بٹ

 

فیصل ادریس بٹ

عثمان بزدار پنجاب کے حقیقی ترجمان

Mar 18, 2021

 

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ اپنے منطقی انجام کو پہنچ گیا ہے یہ بات بھی ثابت ہوگئی پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں اپنے مفادات کے تحفظ کے لئے اکٹھی ہوکر عوام کو گمراہ کر رہی تھیں۔لیکن کیا اس سے حکومت کی پریشا نی ختم ہو چکی ہے تو ایسا ہر گز نہیں ہے کیو نکہ عوا م کو درپیش مسائل جب تک حل نہیں ہو ں گے اس وقت تک حکومت کی مشکلات کم نہیں ہو سکتیں اسی وجہ سے وزیراعلیٰٰ پنجاب عثمان بزدارنے پنجاب بھر میں تعمیروترقی کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے تاکہ پنجاب میں عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو۔ وزیر اعلیٰٰ پنجاب عثمان بزدار اس حوالے سے بخو بی آگاہ ہیں کہ پنجاب ہی پاکستان ہے اور پنجاب میں ملنے والا عوامی ریلیف ہی پی ٹی آئی کو آئندہ عام انتخابات میں عوامی عدالت میں سرخرو کرسکے گا۔


 اس لئے انہوں نے سب سے پہلے گڈ گورننس کے فروغ کیلئے عملی اقدامات کا آغاز کرنے کیلئے بیورو کریسی کی سمت کو درست کیا ہے اور عوام کو بنیادی سہولیات کی ان کی دہلیز پر فراہمی کا مشن سونپ دیا ہے اور اس عمل میں سیکرٹری ٹو سی ایم طاہر خورشید جو ایک سینئر بیورو کریٹ ہیں وہ بھی وزیر اعلیٰ کی اپنے وسیع انتظامی تجربے سے وزیر اعلیٰ کی معاونت کررہے ہیں۔پی ڈی ایم کی تحریک کو عوام نے مسترد کیا تھا کیو نکہ پنجاب میں وزیر اعلیٰٰ عثمان بزدار کی سینیٹ انتخابات میں حکمت عملی کامیاب ہو ئی اور عوام نے دیکھا کہ سیاسی رواداری کی ایسی مثال پاکستان بھر میں کہیں نظر نہیں صرف پنجاب میں سیاسی قوت کے اعتبار سے ہی تمام سیاسی جماعتوں کو ان کا حصہ ملا اور وہ اپنے سینیٹرز کو کامیاب کرا س کے تمام سینیٹرز بلا مقابلہ منتخب ہو ئے جو دیگر صوبوں کیلئے قابل تقلید عمل تھا سیاسی محاذ آرائی کو ختم کرکے جس کلچر کی بنیاد عثمان بزدار نے رکھی ہے وہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کا متقاضی ہے تاہم دیگر محاذوں پر بھی عثمان بزدار کی کامیابیوں کا سفر جاری ہے اور عثمان بزدار کے راستے میں آنے والے کانٹے وہ اپنی دانشمندی سے پھول بنا رہے ہیں کیو نکہ اپوزیشن جتنا پنجاب کے بارے میں اور وزیر اعلیٰٰ کی کار کردگی کے بارے میں جھوٹا پراپیگنڈا کرتی ہے عثمان بزدار اتنا ہی پنجاب کی ترقی میں کامیاب ہوتے جارہے ہیں آئے روز ان کی تبدیلی کی خبریں پھیلا ئی جاتی ہیں تا کہ ان پر دبائو بڑھایا جاسکے لیکن وہ اس دبائو کو اپنی کارکردگی سے ختم کررہے ہیں اب تو اپوزیشن کی تحریک بھی مردہ گھوڑا بن چکی ہے.


 اسی لئے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار نے پنجاب میں نئے اہداف مقرر کئے ہیں اور کرونا کی تیسری لہر سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ آئندہ کا پلان تشکیل دیدیا ہے صوبے میں جاری ترقی کے سفر کو آگے بڑھانے کیلئے انہوں نے پنجاب بھر میں خصوصی طور پر جنوبی پنجاب میں عوامی فلاح کے نئے منصوبوں پر کام شروع کرتے ہوئے تمام فنڈز عوام کیلئے مختص کردیئے ہیں۔ قارئین پنجاب میں کرونا ویکسین کا عمل بھی جاری ہے اور موذی مرض کا شکار ہونے والوں کو صحت کی سہو لیات بھی فراہم کی جارہی ہیں۔کرونا ایس او پیز پر عمل کروانے سمارٹ لاک ڈائون سمیت تمام اقدامات کئے جارہے ہیں تا کہ عوام کو محفوظ رکھا جاسکے اور اس کے لئے تمام اقدامات کیئے جارہے ہیں وزیراعلیٰ کے احکامات پر پنجاب بھر میں تمام ہسپتالوں میں دوبارہ کرونا وارڈز فعال کردی گئی ہیں اور ہسپتالوں میں اس حوالے سے تمام اقدامات کرلئے گئے ہیں۔دوسری جانب اگر اپوزیشن کی سیاست کا جائزہ لیں تو واضح ہو تا ہے کہ ان کی تحریک ذاتی مفادات کیلئے اور کرپشن بچانے کیلیئے تھی اسی لئے ان کا شیرازہ بکھر رہا ہے۔ 


مسلم لیگ ن نے اب پنجاب کو ایک بار پھر ریاستی اداروں کے خلاف کھڑا کرنے کی کوشش شروع کی ہے مسلم لیگ ن اور اس کی لیڈر شپ پنجاب کے نام پر نفرتیں پھیلارہی ہے انہیں ریاستی اداروں کے خلاف اکسا رہی ہے عثمان بزدار کے دور حکمرانی میں سیکرٹری اطلاعات راجہ جہانگیر اور ڈی جی پی آر ثمن رائے نہ بلوجی سندھی پختون کلچر کو متعارف کروانے کے لئے مختلف ایونٹس ارینج کرچکے ہیں تاکہ چاروں صوبوں کی ثقافت کو پروموٹ کرکے پنجاب کے بڑے بھائی ہونے کا عملی ثبوت بھی پیش کیا جاسکے پاکستان کے ستر سالہ سیاسی ادوار میں کھبی کسی نے پنجاب کلچر ڈے کا انعقاد نہیں کیا بہرحال یہ کریڈٹ عثمان بزدار اور ان کی ٹیم کو جاتا ہے ۔


صوبا ئی وزیر کلچر خیال احمد کاسترو نے وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر احسن انداز میں پنجاب کی ثقافت کو پروان چڑھانے کیلیئے ایسا خوبصورت ایونٹ ارینج کیا۔ایک طرف تو مسلم لیگ ن پنجاب میں نفرتیں پھیلا رہی ہے تو دوسری جانب عثمان بزدار پنجاب میں کلچر ڈے منا کر پنجابیوں کو ان کی ثقافت سے روشناس کرواکر اس تاثر کو زائل کررہے ہیں کہ پنجاب مسلم لیگ ن کا قلعہ ہے عثمان بزدار کی کاوشوں سے اب پی ٹی آئی پنجاب کی سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں بھی یہ پی ٹی آئی کا قلعہ ثابت ہوگا۔مسلم لیگ ن نے اپنے تینوں حکمرانی کے ادوار میں پنجاب کارڈ ہی کیش کروایا ہے اس کو مدنظر رکھتے ہوئے عثمان بزدار نے پنجاب کلچر ڈے کا کارڈ کھیل کر نہ صرف یہ ثابت کیا کہ وہ زیرک سیاستدان ہیں بلکہ اپنے اقدام سے مسلم لیگ ن کے پنجاب کارڈ کو ڈینٹ بھی ڈالنے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ 

فیصل ادریس بٹ

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

پیج