چھڑی کی واپسی اور سب سے بڑا بیوقوف کون؟ - نوید مسعود ہاشمی - Daily Pakistan Urdu Columns | Facebook Whatsapp Urdu Columns

چھڑی کی واپسی اور سب سے بڑا بیوقوف کون؟ - نوید مسعود ہاشمی

 چھڑی کی واپسی اور سب سے بڑا بیوقوف کون؟ - نوید مسعود ہاشمی


پہلا حصہ

نوید مسعود ہاشمی


ایک مرتبہ بہلول مجذوب، خلیفہ ہارون الرشید کے پاس پہنچے، ہارون الرشید نے ایک چھڑی اٹھا کر انہیں دی۔۔۔ اور مذاقاً کہا کہ بہلول یہ چھڑی تمہیں دے رہا ہوں۔۔۔ جو شخص تمہیں اپنے سے زیادہ بے وقوف نظر آئے اسے دے دینا… بہلول مجذوب نے بڑی سنجیدگی کے ساتھ چھڑی لے کر رکھ لی اور واپس چلے آئے، بات آئی گئی ہوگئی ، کافی عرصہ کے بعد ہارون الرشید شدید بیمار ہوئے اور بچنے کی کوئی امید نہ رہی، اطباء نے جواب دے دیا، بہلول مجذوب عیادت کے لئے پہنچے اور سلا م کے بعد پوچھا امیر المومنین!کیا حال ہے؟ خلیفہ ہارون الرشید نے کہا، کیا حال پوچھتے ہو بہلول؟ بڑا لمبا سفر درپیش ہے، کہاں کا سفر؟ بہلول نے کہا ، جواب دیا آخرت کا سفر درپیش ہے، بہلول نے سادگی سے پوچھا۔۔۔ اچھا واپسی کب ہوگی؟ ہارون الرشید نے جواب دیا ، بہلول تم بھی عجیب  آدمی ہو، بھلا آخرت کے سفر سے بھی کوئی واپس ہوا ہے؟ بہلول نے تعجب سے کہا اچھا آپ واپس نہیں آئیں گے؟ تو آپ نے کتنے حفاظتی دستے آگے روانہ کئے، اور ساتھ کون کون جائے گا؟ ہارون بولے آخرت کے سفر میں ۔۔۔۔کوئی ساتھ نہیں جایا کرتا، خالی ہاتھ جارہا ہوں، یہ سن کر بہلول مجذوب بولا اچھا اتنا لمبا سفر۔۔۔ اور وہ بھی تن تنہا؟ اور پھر بغل سے ہارون الرشید کی دی ہوئی چھڑی نکال کر کہا۔۔۔ کہ تو پھر لیجئے ،یہ امانت واپس ہے، مجھے آپ کے سوا کوئی انسان اپنے سے زیاد ہ بے وقوف نہیں مل سکا، آپ بھی کبھی چھوٹے سفر پر جاتے تھے تو ہفتوں پہلے اس کی تیاریاں ہوتی تھیں، حفاظتی دستے آگے چلتے تھے، اتنے لمبے سفر میں کہ جس کی واپسی بھی ناممکن ہے ، آپ نے تیاری بھی نہیں کی،ہارون الرشید نے یہ سن کر روتے ہوئے کہا کہ ''بہلول ہم تمہیں دیوانہ سمجھا کرتے تھے … مگر آج پتہ چلا کہ تمہارے جیسا ''فرزانہ'' کوئی نہیں۔۔۔

میری وزیراعظم، وفاقی وزیروں اور ترجمانوں کی فوج ظفر موج، اراکین قومی اسمبلی سے گزارش ہے کہ انہیں بھی ایک نہ ایک دن آخرت کے لمبے سفر پر، بغیر کسی حفاظتی دستے کے جانا پڑے گا، آخرت کے لمبے سفر پر نہ آئی ایم ایف اور نہ ایف اے ٹی ایف کے۔۔۔۔ کارندے ساتھ جائیں گے اور نہ ہی سیکولر شدت پسند۔۔۔ اور این جی او کے خرکار، اس لئے اتنا جھوٹ مت بولیں کہ ''سچائی'' منہ چھپانے پر مجبور ہو جائے، سیدھی بات کریں کہ ایف اے ٹی ایف والوں کو راضی کرنے کے لئے لبیک یارسول اللہ(ۖ) کا نعرہ لگانے والوں پر لاٹھیاں، آنسو گیس کے شیل اور گولیاں برسانا ضروری تھا … ان کا ردعمل دیکھ کر ایک ''مذہبی جماعت' مذہبی جماعت'' کی رٹ لگانے کی بجائے ایک ''مذہبی سیاسی جماعت'' کہہ کر پورا سچ بولیں، اس لئے کہ گزشتہ دنوں جس جماعت کو ''کالعدم'' قرار دیا گیا، وہ نہ صرف الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ ہے۔۔۔ بلکہ اس کے نمائندے  الیکشن جیت کر صوبائی اسمبلیوں میں بھی بیٹھے ہوئے ہیں … کالعدم قرار دی جانے والی جماعت کو صرف ''مذہبی'' لکھنا یا بولنا بدنیتی کی انتہا اور مذہب پسندوں کو دہشت گردی کے ساتھ نتھی کرنے کے مترادف ہے۔۔۔

جمعہ کے دن قومی اسمبلی کے اجلاس میں جن اراکین اسمبلی نے صوبہ سندھ کے مسلمانوں پر جبری مذہب  کی تبدیلی  کا الزام لگایا … انہوں نے بھی جھوٹ بولا، جبری طور پر مذہب کی تبدیلی کا تصور، اسلام میں سرے سے.... موجود ہی نہیں ہے، ساڑھے چودہ سو سال سے دنیا میں اسلام کے بڑے بڑے نامور جرنیل اور فاتحین گزرے، لیکن کسی مسلمان جرنیل یا فاتح نے کسی ایک بھی غیر مسلم کو زور زبردستی سے... مسلمان بنانے کی کوشش نہیں کی، جرنیل اسلام حضرت محمد بن قاسم نے راجہ داہر  جیسے شیطان...  کی غلامی سے سندھیوں کو آزاد کروایا، لیکن کسی ایک ہندو یا دوسرے غیر مسلم کو زور زبردستی مسلمان نہیں بنایا، بلکہ ہندوئوں سمیت تمام اقلیتوں کو۔۔۔ ان کے حقوق دیئے۔

73 سال ہوگئے۔۔۔ پاکستان کو قائم ہوئے ، ان 73 سالوں میں کسی غیر مسلم مرد یا عورت کو جبری طور پر نہ تو کسی نے کلمہ پڑھایا اورنہ ہی ڈنڈے کے زور پر مسلمان بنایا ، لیکن اگر کوئی غیر مسلم مرد یا عورت، اپنی مرضی سے کلمہ پڑھنے پر آمادہ ہوا تو۔۔۔ تمام مسلمانوں نے بلاتفریق رنگ و نسل اور مسلک و مشرب، اس نو مسلم کی  ہر ممکن مدد کی، اس کے ساتھ حسن سلوک کیا، چندہ جمع کرکے اس کے گھریلو اخراجات پورے کرنے کی کوشش کی ، میں ایسی سینکڑوں مثالیں پیش کرسکتا ہوں۔۔۔ کہ جب ہندو مذہب سے تعلق رکھنے والی بالغ لڑکی یا بالغ لڑکے نے اپنی خوشی رضا اور رغبت سے کلمہ پڑھ کر مسلمان ہونے کا اعلان کیا۔۔۔

تو اس کے رشتہ داروں  اور ہندو کمیونٹی کے لوگوں نے اس پر نہ صرف یہ کہ تشدد کرنے کی کوشش کی ، بلکہ بعض واقعات میں اس پر قاتلانہ حملوں اور پولیس میں جھوٹے مقدمات درج کرواے سے بھی دریغ نہ کیا… لیکن مسلمانوں نے ان نو مسلموں کو۔۔۔ نہ صرف یہ کہ ''اپنوں'' کی چیرہ د ستیوں، ظلم و زیادتی سے بچانے کی کوشش کی۔۔۔۔ بلکہ ان نو مسلم بھائی، بہنوں کو بھی سمجھایا کہ آپ کا مسلمان ہونا سر آنکھوں پر ، لیکن آپ اپنے غیر مسلم والدین سے حسن سلوک کا رویہ ضرور برقرار رکھیں ،قومی اسمبلی میں سندھ کے مسلمانوں پر، جنہوں نے جبری تبدیلی مذہب کا الزام لگایا، انہوں نے نہ صرف یہ جھوٹ بول کر ایوان کے تقدس کو مجروح کیا، بلکہ سندھ کے عوام کی توہین کا بھی ارتکاب کیا، اندرون سندھ آج تک جتنی بھی... ہندو لڑکیاں مسلمان ہوئیں... انہیں پولیس نے جب عدالتوں میں پیش کیا تو انہوں نے عدالت کے کٹہرے میں کھڑے ہوکر پوری.... جرات سے جج کو یہ بتایا کہ وہ اپنے شوق اور چاہت سے مسلمان ہوئی ہیں، آج تک ہندو کمیونٹی کے سرپینچ، لبرل شدت پسند ،سیکولر انتہا پسند، موم بتی مافیا کے دستر خوان کے راتب خور، کسی عدالتی فورم پر یہ بات ثابت نہیں کرسکے کہ سندھ کے.... کسی شہر یا گائوں گوٹھ میں کسی...  ہندو لڑکی کو کسی مسلمان فرد یا گروہ نے زور زبردستی سے مسلمان بنانے کی کوشش کی ہو؟ (جاری ہے)

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

پیج