وسے چیت نہ گھر مُکے نہ کھیت…! - ساجد حسین ملک
Sajid Hussain Malik, column writer, Urdu, Nai Baat Newspaper, e-paper, Pakistan
23 اپریل 2021 (11:21) 2021-04-23
پنجابی کی یہ کہاوت بہت عرصہ قبل اپنے مرحوم والد گرامی یا اُن کے کسی ساتھی بیلی جنہیں ہم تایا یا چچا کہ کر پکارا کرتے تھے سے سنی تھی۔ اس کا مطلب اور مفہوم سادہ اُردو زبان میں کیا نکلتا ہے اس کا ذکر آگے چل کر آئے گا۔ پہلے ان تایوں ، چاچوں کا تھوڑا سا ذکر کہ عشرے گزرنے کے باوجود اُن کو یاد کرتے ہوئے جہاں دل احترام کے جذبات سے لبریز ہو جاتا ہے وہاں آنکھیں بھی پُر نم ہو جاتی ہیں۔ یہ سب ان پڑھ یا انتہائی معمولی پڑھے لکھے سادہ ، صاف ، سُچے ، محنتی اور جفاکش کسان تھے جن کی کل کائنات اُن کے کھیت ،کھلیان، فصلیں، مال مویشی، ڈھور ڈنگر اور جانور تھے۔ فصلیں ان کے لیے ایسی ہی تھیں جیسے نظم کے مشہور شاعر مجید امجد مرحوم نے اپنی ایک لافانی نظم میں کہہ رکھا ہے۔ "ہری بھری فصلو / جُگ جُگ جیو، پھلو / شہر شہر اور بستی بستی جیون سنگ بسو / دامن دامن، پلو پلو، جھولی جھولی ہنسو / چندن روپ سجو / ہری بھری فصلو / جُگ جُگ جیو، پھلو"۔فصلیں کیسے پھلے پھولیںکیسے چندن کی طرح سنہری روپ اختیار کریں، کیسے کسان کا گھر ان کی پیداوار سے بھر جائے۔ یقینا اس کے لیے جہاں کسان کی محنت، ہل چلانا، کھیت تیار کرنا، بیج بونا اور فصل کی دیکھ بھال کرنا ضروری ہوتا ہے وہاں خالق کائنات کا فضل و کرم، اس کی طرف سے وقت پر بارشوں کا برسانا اور موافق موسمی حالات کا عطا کرنا بھی اس سے بڑھ کر ضروری ہوتا ہے۔ "وسے چیت ، نہ گھر مُکے نہ کھیت"کی پنجابی کہاوت جو اُوپر بیان ہوئی ہے اس میں ان ہی موزوں موسمی حالات اور بارشوں کے برسنے کی طرف اشارہ ہے۔ "چیت" ، بکرمی سال جسے دیسی سال بھی کہتے ہیں کا پہلا مہینہ ہے۔ یہ انگریزی یا عیسوی سال کے نصف مارچ سے نصف اپریل تک کے دنوں پر پھیلا ہوتا ہے۔ مارچ ، اپریل موسم بہار کے جوبن کے دن ہوتے ہیں ۔ کہاوت میں کہا جا رہا ہے کہ اگر چیت کے مہینے میں یعنی نصف مارچ سے نصف اپریل تک کے دنوں میں بارش ـ"وسے"یعنی برسے تو اس کا اس موسم کی فصلوں گندم ، جو ، چنے، سرسوں بالخصوص گندم کی پیداوار پر بہت ہی اچھا اثر پڑتا ہے۔ پکنے پر پیداوار اتنی ہوتی ہے کہ یہ گھروں میں "مُکتی"یعنی کم پڑتی ہے نہ ہی کھیتوں میں کم پڑتی ہے۔ گھر ، کھیت، کھلیان سب اس سے بھر جاتے ہیں۔
پنجاب حکومت کا مزید 17 اضلاع میں اسکولز بند کرنے کا فیصلہ
مجھے اپنے بزرگوں کی سُنائی ہوئی یہ کہاوت رہ رہ کر اس لیے یاد آرہی ہے کہ بلاشبہ اس سال ہی نہیں بلکہ پچھلے کئی برسوں سے چیت میں ہی بارشیں نہیں برستی رہی ہیں یا برس رہی ہیںبلکہ اس سے اگلے مہینے بیساکھ )وسط اپریل تا وسط مئی تک پھیلے مہینے(میں بھی برستی رہی ہیں ۔ اس سال بھی بیساکھ جو رمضان مبارک کے ساتھ ہی شروع ہوا ہے، برستی بارشوں کا ساماںلے کر آیا ہے۔ ان دنوں جب بیساکھ کا پہلا عشرہ گزرنے والا ہے تو پنڈی اور اس کے نواح میں ہی نہیں بلکہ پوٹھوہار کے تقریباً پورے خطے میں بلکہ اس سے بڑھ کر ملک کے وسیع علاقوں میں چھم چھم برستی کالی گھٹاوں کا کچھ ایسا ہی عالم رہا ہے۔ اس ہفتے میں جہاں ادھر اُدھر کہیں بہت تیز، کہیں ذرا کم اور کہیں اس سے بھی کم بارش برسی اور تیز ہوا چلتی رہی وہاں کچھ علاقوں میں ژالہ باری بھی ہوئی ہے۔ میں اپنی بات کروں تو یہ حقیقت ہے کہ ان دنوں کالی گھٹائیں خاص طور پر جنوب مشرق سے اُٹھنے والی سیاہ چادر اُوڑھے بادل دیکھ کر دل لرزنے لگنے لگتا ہے کہ الٰہی خیر، زیادہ تیز بارش ہوئی اور اس کے ساتھ ژالہ باری بھی ہو گئی تو پھر گندم کی پکی فصل اور اس کے لہلہاتے سنہری سٹوں ، بالیوں اور خوشوں کا کیا ہو گا۔ وہ تو ٹوٹ کر اور بکھر کر رہ جائیں گے۔ زیادہ بارش کی صورت میں ان کی رنگت سنہری سے تبدیل ہو کر کچھ سیاہی مائل ہی نہیں ہو جائے گی بلکہ دانے بھی کچھ خراب، کمزور اور ان کی رنگت میں بھی چمک اور شفافیت میں کچھ کمی آجائے گی۔
وفاقی حکومت نے تخت بھائی کھنڈرات کو سیاحتی مقام بنانے کی ٹھان لی
گندم کی فصل کو بلا شبہ 15چیت (تقریباً اپریل کے آغاز) سے تیز دھوپ کی ضرورت ہوتی ہے کہ اس دوران گندم کے لہلہاتے کھیت جہاں بتدریج سنہری رنگت اختیار کرتے ہیں وہاں ان کے خوشے اور سٹے بھی سنہری روپ اختیار کرتے اور ان خوشوں ، سٹوں اور بالیوں میں پڑے دانے بھی سورج کی دھوپ سے حرارت اور توانائی حاصل کرتے ہوئے گداز، مضبوط اور توانا ہوتے ہیں۔ یہ نظام قدرت ہے کہ رب کریم جیسے چاہتے ہیں ایسا ہی ہوتا ہے ۔ تاہم اگر روشن دنوں کی پھیلی دھوپ، سورج کی تپش اور حرارت، ہواوں کا چلنا اور ہفتے دس دنوں کے بعدہلکی پھلکی بارش مناسب انداز میں ہوتی رہے تو پھر گندم کے لہلہاتے کھیتوں کا کیا کہنا۔ ان کی رنگت بتدریج سبز سے سنہری ، ان کی بالیاں ، سٹے اور خوشے مضبوط، توانا اور موٹے دانوں سے بھرے ہوئے۔ یہ ایسا ہی عالم ہوتا ہے جیسے اس پنجابی کہاوتـ"وسے چیت، گھر مُکے نہ کھیت"میں کہا گیا ہے۔ اس طرح بہترین پیدوار والی گندم کی شاندار فصل پک کر تیار ہوتی ہے اور کھیتوں کھلیانوں میں ہی اناج کے ڈھیر نہیں لگ جاتے ہیں بلکہ کسانوں اور زمینداروں کے گھر وں میں اناج کے ان ڈھیروں کو سنبھالنا سمیٹنا اورذخیرہ کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
صدر پاکستان نے عوام کو بڑے خطرے سے آگاہ کر دیا
اللہ کریم کا احسانِ عظیم کہ اس بار کم و بیش پورے ملک بالخصوص پوٹھوہار کے اس بارانی خطے میں جہاں اب کچھ کچھ آبپاشی کا نظام بھی وجود میں آچکا ہے، گندم کی انتہائی شاندار اور پر بہار فصل بارآور ہونے کو تیار ہے۔ گاؤں آتے جاتے اڈیالہ روڈ پر اور اس کے نواح میں گندم کے سنہرے لہلہاتے کھیت دیکھ کر جہاں دل باغ باغ ہوتا اور آنکھوں کو ٹھنڈک پہنچتی ہے وہاں ربِ کریم کے حضور اظہارِ تشکر کے لیے دل ممنونیت ، شکرگزاری اور احسان مندی کے جذبات سے بھی بھر جاتا ہے۔ گندم کی توانا اور بھرپور فصل کے سنہرے لہلہاتے کھیتوں کو دیکھنا بلا شبہ میرے جیسے کسان گھرانے کے فرد کے لیے اسی طرح کے جذبات اُبھارتا ہے جیسے اُردو نظم کے مایہ ناز شاعر مجید امجد مرحوم نے اپنی خوبصورت "ہری بھری فصلو "کے ان اشعار میں اس کی عکاسی کی ہے۔
پوسٹ گریجویٹ طلبا کی موجیں لگ گئیں
"جھومتے کھیتو، ہستی کی تقدیرو رقص کرو / دامن دامن، پلو پلو، جھولی جھولی ہنسو/ چندن روپ سجو/ ہری بھری فصلو/ جُگ جُگ جیو پھلو"
سچی بات ہے قدرت ہمیشہ سے ہم پر مہربانی رہی ہے اور رہتی ہے لیکن ہم ناشکرے انسان اس کی مہربانیوں ، اس کے عنایات اور اس کی کرم فرمائیوں کا جواب شکر گزاری اور اس کے احکامات کی تعمیل کی صورت میں دینے کی بجائے ناشکرے پن اور نافرمانی کی صورت میں جہاں دیتے ہیں وہاں اس کے قائم کردہ وسیع اور مبسوط نظام کائنات کو بھی خراب اُتھل پتھل کرنے سے دریخ نہیں کرتے ہیں۔ پچھلے کئی عشروں سے ہم نے فضاء میں اتنی زیادہ آلودگی ، سموگ ، گردوغبار ، دھویں اور تابکاری اثرات کو ملا دیا ہے کہ جس کی وجہ سے موسمیاتی تبدیلیاں پھیلتی ہی نہیں جا رہی ہیں بلکہ ہمیں بری طرح متاثر بھی کر رہی ہیں۔ اللہ کریم سے التجاء ہے کہ وہ ہمیں ہدایت سے نوازے اور ہمیں اپنے فضل وکرم کا حقدار بنائے رکھے۔
کورونا وائرس دنیا کے بلند ترین مقام ماؤنٹ ایورسٹ پر پہنچ گیا
ساجد حسین ملک
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں